Friday, May 3, 2024

ایم کیو ایم کے چار کارکنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ایم کیو ایم کے چار کارکنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
May 7, 2016
کراچی (92نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں رئیس مما، نعیم ملا اور شہزاد ملا سمیت 4 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ۔ عدالت نے ایس ایچ او نبی بخش تھانے کو ستائیس مئی کو طلب کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میں کیس کی سماعت ہوئی۔ ایم کیوایم کے رہنما عامر خان اے ٹی سی میں پیش ہوئے۔ کیس کے تفتیشی افسر محسن زیدی نے عدالت کو بتایا کہ ایم کیوایم کے کارکن منہاج قاضی کی حوالگی سے متعلق درخواست دائر کردی ہے ۔ ملزم کو نبی بخش پولیس نے اسلحہ رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا جس کی گرفتاری سے متعلق باقاعدہ اطلاع نہیں دی گئی۔ منہاج قاضی ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس میں مفرور تھا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ منہاج قاضی کو نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میں حوالے کیا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ مقدمے میں نامزد دیگر ایم کیوایم کے کارکن کہاں ہیں ۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم ملک سے باہر ہیں، ایف آئی اے کو ملزموں کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔ عدالت نے ملزموں کی عدم گرفتاری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے منہاج قاضی کی حوالگی کے حوالے سے ایس ایچ او نبی بخش کو 27 مئی کو طلب کرلیا اور ایم کیوایم کے مفرور کارکن رئیس مما ، نعیم ملا اور شہزاد ملا سمیت 4 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔