Thursday, April 25, 2024

ایم کیو ایم کی اپنے ہی گورنر پر الزامات کی بوچھاڑ،استعفی ٰ کا مطالبہ کر دیا

ایم کیو ایم کی اپنے ہی گورنر پر الزامات کی بوچھاڑ،استعفی ٰ کا مطالبہ کر دیا
May 11, 2015
کراچی(ویب ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے ہی نامزد کردہ گورنر  پرالزامات کی بوچھاڑ کر دی ڈاکٹر عشرت العباد کے خلاف ایم کیو ایم کی چارج شیٹ کی ایک لمبی لسٹ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے نائن زیرو پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد پر الزامات کی بارش کردی۔ پہلا الزام لگایا کہ دو ہزار آٹھ کے بعد سے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو قتل کیا گیا،بستیوں پر حملے ہوئے ،مگرگورنر رکوانے میں ناکام رہے چارج شیٹ کا دوسرا نکتہ یہ تھا کہ کارکنوں کے اغوا اور ماورائے عدالت قتل میں جو لوگ ملوث تھے ، ان کا علم ہو جانے کے باوجود گورنر نے ان کے خلاف ایکشن نہیں لیا ۔تیسرا الزام یہ لگایا گیا کہ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کی مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا جو اب تک نہ بن سکی،عشرت العباد مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرانے میں کوئی کردار ادا نہ کر سکے،چارج شیٹ کا چوتھا نکتہ یہ تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو پکڑے جانے کے بعد جرائم میں ملوث کیا گیا،گرفتارہونے والوں پر تشدد کے متعلق بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا لیکن عشرت العباد خاموش رہے۔ پانچواں الزام  یہ لگایا  گیا کہ  ایم کیو ایم کے مرکز اور الطاف حسین کے گھر نائن زیرو پر چھاپہ مارا گیا ، درجنوں ہمدردوں کو گرفتار کیا گیا  لیکن گورنر سندھ خاموشی سے یہ سب دیکھتے رہے۔۔ چھٹا الزام یہ تھا کہ ایم کیو ایم پر بھارتی ایجنٹ ہونے کے الزامات لگائے گئے ، مقدمات بنا کر پوری سیاسی جماعت کو مجرم ٹھہرایا جا رہا ہے، لیکن عشرت العباد کا کوئی کردار سامنے نہ آیا یہ بھی کہا گیا کہ  کراچی میں پانی کا بحران ہے ،بجلی  اور گیس بھی نہیں گورنرسندھ عوامی مسائل حل کرنے میں بھی ناکام رہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ متحدہ کو طعنے دئیے جاتے ہیں کہ گورنر تو آپ کا ہےاب پانی سر سے اونچا ہو چکا اس لئے گورنر کواستعفیٰ دینا ہوگا۔