Saturday, May 4, 2024

ایم کیو ایم کا آفتاب احمد کی ہلاکت پر یوم سوگ کا اعلان

ایم کیو ایم کا آفتاب احمد کی ہلاکت پر یوم سوگ کا اعلان
May 3, 2016
کراچی (92نیوز) ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈی نیٹر آفتاب احمد کی نماز جنازہ نمائش چورنگی پر ادا کردی گئی۔ آفتاب احمد دل کا دورہ پڑنے سے جناح اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈی نیٹر آفتاب احمد کی نماز جنازہ نمائش چورنگی پر ادا کردی گئی ۔ نماز جنازہ میں آفتاب احمد کے اہل خانہ سمیت ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان، وسیم اختر اور عوام کی بڑی تعداد شامل تھی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق آفتاب احمد کو مختلف مقدمات میں ملوث ہونے کی بنا پر یکم مئی کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم کو 90 روز کے ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دیا تھا جہاں منگل کی صبح آفتاب احمد نے سینے میں تکلیف کی شکایت کی۔ فوری طور انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ نائنٹی ٹو نیوز کو موصول آفتاب احمد کی میڈیکو لیگ رپورٹ کے مطابق انہیں صبح سات بجکر پچپن منٹ پر اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے آفتاب احمد کو طبی امداد دینے کی کوشش کی تاہم پچیس منٹ کی طبی امداد کے باوجود دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔ آفتاب احمد کی میت ایدھی سرد خانے میں غسل کے بعد ایم کیوایم رہنماوں نے وصول کی۔ میت کو آخری دیدار کے لیے انکی رہائش گاہ لے جایا گیا جس کے بعد نمائش چورنگی پر آفتاب احمد کی نماز جناز ادا کردی گئی۔ ایم کیوایم نے آفتاب احمد کی ہلاکت پر ملک میں ایک روزہ یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔