Sunday, September 8, 2024

ایم کیو ایم پولیس اہلکاروں کو قتل کرنیوالے 187 ٹارگٹ کلر ہمارے حوالے کرے !!! رینجرز نے فاروق ستار کو خط لکھ دیا

ایم کیو ایم پولیس اہلکاروں کو قتل کرنیوالے 187 ٹارگٹ کلر ہمارے حوالے کرے !!! رینجرز نے فاروق ستار کو خط لکھ دیا
August 5, 2015
کراچی (92نیوز) رینجرز نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کو خط لکھا ہے جس میں ایم کیو ایم سے وابستہ ایک سو ستاسی ٹارگٹ کلرز کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ رینجرز کا کہنا ہے یہ ٹارگٹ کلرز نوے کی دہائی میں ہونے والے پولیس آپریشن کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں۔ رینجرز کا خط سب سے پہلے 92نیوز سامنے لے کر آیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کوئی نئی بات نہیں اور ماضی میں یہاں سیاسی اور لسانی بنیادوں پر پرتشدد واقعات ہوتے رہے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 90ءکی دہائی میں کئے گئے آپریشن میں شامل پولیس افسران اور اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگز کی گئیں جس میں ایم کیو ایم کے عسکری ونگ کے 187 ٹارگٹ کلرز ملوث پائے گئے۔ رینجرز حکام نے ان 187 ملزمان کو فوری طور پر حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط کے ساتھ منسلک فہرست میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے افسران اور اہلکاروں کے قتل میں نامزد 187 ملزموں کے نام بھی شامل کئے گئے ہیں۔ فہرست کے مطابق جن افراد کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے ان میں 119 افراد پر ایک ایک افسر یا اہلکار کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔ 47 ٹارگٹ کلرز دو دو پولیس افسران اور اہلکاروں کے قتل میں مطلوب ہیں۔ 17 ٹارگٹ کلرز پر تین اور تین ٹارگٹ کلرز پر 4 افسران یا اہلکاروں کے قتل بتائے گئے ہیں۔ فہرست میں فیصل نامی ٹارگٹ کلرز کو پانچ اہلکاروں کے قتل میں مطلوب بتایا گیا ہے۔ فہرست میں رینجرز نے ٹارگٹ کلنگ ٹیموں کے سرغنہ قمر عرف ٹیڈی، عامر پپا، آصف عرف چٹا ، رزاق عرف راجو اور مجید عرف منجلا کو بھی حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ رینجرز نے خط اور فہرست کی کاپیاں وزیراعلی ہاوس، ہوم سیکرٹری، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو بھی ارسال کر دی ہیں۔