Monday, September 16, 2024

ایم کیو ایم پر مظالم کیخلاف تینوں ایوانوں سے استعفے دیئے !!! کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں : ایم کیو ایم رہنما

ایم کیو ایم پر مظالم کیخلاف تینوں ایوانوں سے استعفے دیئے !!! کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں : ایم کیو ایم رہنما
August 12, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پر ظلم کے خلاف تینوں ایوانوں سے استعفے دیئے۔ کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہیں۔ تحریک انصاف جیسے سیاسی گِدھوں کیلئے جگہ بنائی جا رہی ہے۔ اظہار الحسن کا کہنا ہے منافقت کو مفاہمت سمجھ کر پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا، خالی ہاتھ آئے تھے اور خالی ہاتھ ہی جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے چوبیس ارکان پارلیمنٹ استعفیٰ جمع کرانے قومی اسمبلی جا پہنچے۔ فاروق ستار نے کہا ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ رشید گوڈیل کہتے ہیں تحریک انصاف کی طرح استعفے دے کر واپس نہیں لیں گے۔ فاروق ستار اور رشید گوڈیل کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے ارکان نے پہلے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر الطاف حسین کے حق میں نعرے لگائے۔ پارلیمنٹ ہاوس پہنچے تو ارکان نے پھر نعرے بازی شروع کر دی۔ قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ تمام رکن پارلیمنٹ اپنے قائد الطاف حسین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کراچی میں ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کو براداشت نہیں کرسکتے، بدترین مظالم کئے جارہے ہیں، ایسے میں خاموش کیسے رہ سکتے ہیں۔ رشید گوڈیل نے کہا کہ ایم کیو ایم کوئی تحریک انصاف نہیں کہ استعفیٰ دیکر واپس لے لے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ استعفوں کے معاملے میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔