Monday, September 16, 2024

ایم کیو ایم پاکستان نے صوبائی حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کردیا

ایم کیو ایم پاکستان نے صوبائی حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کردیا
April 5, 2017
کراچی (92نیوز)ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت سندھ کے خلاف وائٹ پیپر جاری کردیا،سندھ حکومت نے نو برسوں میں شہری علاقوں میں احساس محرومی کو بڑھایا ۔ ملازمتوں کی بندر بانٹ کی گئی وفاقی محاصل میں شہری علاقوں کا حق غصب کرلیا گیا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سرکلر ریلوے منصوبہ ایم کیو ایم اور میئر کراچی نے سی پیک میں شامل کرایا۔ تفصیلات کےمطابق کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے قائد فاروق ستار نے  وائٹ پیپر کے نکات پڑھ کر سنائے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ  سنگین ناانصافی کی جارہی ہے،حکومت سندھ  لسانیت اورعصبیت کا بدترین مظاہرہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سے ملنے والے حصہ میں سے صوبائی حکومت شہری علاقوں کو وسائل نہیں دے رہی اور  جبکہ ٹیکسوں کا سارا بوجھ بھی شہری علاقے اٹھارہے ہیں ۔ انہوں نے سرکلر ریلوے کی سی پیک میں شمولیت کو ایم کیو ایم کا کارنامہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پہلے تو  لوکل گورنمنٹ کا بدنام نظام بنایااور پھر خود ہی اس کے متوازی اقدامات کیے۔ فاروق ستار نے کہا کہ  پیپلز پارٹی کی حکومت  نے جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی پر نوکریاں دیہی علاقوں میں فروخت کیں ۔ پولیس  اور دیگر محکموں میں اردو بولنے افسروں کی تعداد پانچ سے سات فیصد سے زیادہ نہیں ۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے متعلق تنازع پر انہوں نے کہا یہ پیپلز پارٹی کا وطیرہ ہے ۔