Friday, March 29, 2024

ایم کیو ایم پاکستان حکومت سے ناراض، سڑکوں پر آنے کا عندیہ

ایم کیو ایم پاکستان حکومت سے ناراض، سڑکوں پر آنے کا عندیہ
December 24, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) ایم کیو ایم پاکستان حکومت سے ناراض۔ سڑکوں پر آنے کا عندیہ دے دیا۔ کنوینئر خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ حکومت نے آج تک کوئی وعدہ وفا نہیں کیا۔ مردم شماری کے متنازعہ نتائج کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا بھی مطالبہ کر دیا۔

ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے اپنی جماعت کی کابینہ میں شمولیت پر بھی سوال اٹھا دیا۔

انہوں نے کہا، جب ہماری آواز ہی نہیں سنی جارہی تو ہم کابینہ میں کیوں ہیں؟، یہ بھی واضح کیا کہ  حکومت مخالف تحریک ۔۔۔۔پی ڈی ایم کا حصہ نہیں بنیں گے اور حکومت کو گرنے نہیں دیں گے۔

اُنہوں نے مردم شماری کے نتائج پر تحفظات دور نہ کیے جانے کا بھی شکوہ کیا اور چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کردیا۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ امید تھی کہ وڈیرہ جاگیر داری کا خاتمہ ہو گا لیکن ایسی جمہوریت نظر نہیں آ رہی جس کے ثمرات عوام کو ملے۔