Thursday, April 18, 2024

ایم کیو ایم پاکستان باغی ارکان کے خلاف ان ایکشن

ایم کیو ایم پاکستان باغی ارکان کے خلاف ان ایکشن
December 14, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ایم کیو ایم پاکستان باغی ارکان کے خلاف ان ایکشن ہو گئی۔ ایم کیو ایم پاکستان نے دو قومی اسمبلی اور نو صوبائی اسمبلی کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے لئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائرکر دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین اور سلمان بلوچ جبکہ رکن صوبائی اسمبلی ارم عظیم فاروقی، شیخ عبد اللہ خالد بن ولایت اور دلاور خان سمیت دیگر کےخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا جس میں استدعا کی گئی ہے کہ باغی ارکان کو ڈی سیٹ کیا جائے۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے ارشد ووہرا کی نا اہلی کی درخواست کی سماعت کی۔
سماعت میں فاروق ستار اور ارشد ووہرا پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے استفسارکیا کہ نا اہلی درخواست کے ساتھ شوکاز نوٹس کی کاپی کہاں ہے؟؟ جس پر فاروق ستار نے جواب دیا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت شوکاز نوٹس کی ضرورت نہیں۔
الیکشن کمیشن نے ارشد ووہرا سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست 26 دسمبرتک ملتوی کر دی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ ارشد ووہرا نے سیاسی وفاداری تبدیل کی۔ یوسی چیئرمین کی نشست خالی ہونی چاہئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ارشد ووہرا کے پاس پٹیشن کی کاپی نہ ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی ہوئی۔ الیکشن کمیشن کی ضرورت ہوتی ہے کہ دونوں فریقین کو سنے۔