Sunday, September 8, 2024

ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کا بھی مردم شماری کے نتائج قبول کرنے سے انکار

ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کا بھی مردم شماری کے نتائج قبول کرنے سے انکار
August 29, 2017

کراچی (92 نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے مردم شماری کے نتائج قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئےدس ستمبر سے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پاک سرزمین پارٹی کا کہنا ہے کہ مردم شماری کے آغاز میں اپنے خدشات کا اظہار کردیا تھا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے شہری عوام کو دیوار میں چنوا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کےشہری علاقوں کی آبادی کو جان بوجھ کر کم کر کے دکھایا گیا، مردم شماری میں دھاندلی کرکے عوام کو انکی حیثیت اور اوقات بتائی گئی۔

ادھر پاک سرزمین پارٹی کا کہنا ہے کہ مردم شماری کے آغازمیں ہی اپنے خدشات کا اظہارکر دیا تھا۔ مردم شماری کے معاملے پرعید کے بعد عوام میں جائیں گے۔

ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی کے بعد پاک سرزمین پارٹی بھی مردم شماری کیخلاف میدان میں آگئی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس پی رہنما انیس ایڈووکیٹ بولے کراچی کو منی پاکستان کہنے والے اس کو منی شہرتسلیم کرنے کو تیار نہیں حالیہ مردم شماری کو یکسرمسترد کرتے ہیں۔

صحافی کے سوال پرانیس ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے ساتھ احتجاج کرینگے یا نہیں فیصلہ سی ای سی کریگی۔ پی ایس پی رہنما ڈاکٹر صغیر نے تو وزارت منصوبہ بندی کو ہی ختم کرنیکا مشورہ دے ڈالا کہتے ہیں جب آبادی بڑھ ہی نہیں رہی تواس محکمے کی کیا ضرورت ہے۔

پی ایس پی کے رہنماووں کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے اعدادوشمار درست کرنے کے لیے آرمی چیف اور سینسز چیئرمین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان معاملات کا نوٹس لیں۔