Thursday, April 25, 2024

ایم کیو ایم نے کراچی اور حیدرآباد کے عوامی مسائل پر سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی

ایم کیو ایم نے کراچی اور حیدرآباد کے عوامی مسائل پر سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی
October 13, 2020
کراچی (92 نیوز) متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی اور حیدرآباد کے عوامی مسائل کے حل سمیت دیگر معاملات پر دو قراردادیں، دو نجی بل اور ایک تحریک التواء سندھ اسمبلی میں جمع کروا دی۔ کنور نوید جمیل کہتے ہیں، کراچی سے سندھ کا 95 فیصد ٹیکس جمع کیا جاتا ہے لیکن شہر کے ساتھ انصاف نہیں ہو رہا۔ کراچی کے نوجوانوں پر ملازمتوں کے دروازے بند ہیں۔ متحدہ اراکین اسمبلی نے کراچی اور حیدرآباد کے عوامی مسائل کے حل کے لئے قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کروادی۔ کراچی میں ایک ماہ کے دوران ساڑھے چار ہزار موٹر سائیکل چھینے جانے کے خلاف تحریک التواء  بھی جمع کروائی۔ متحدہ رہنماء کنورنوید جمیل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈومیسائل بنا کر سندھ کے شہری علاقوں کے نوجوانوں کو ملازمت سے محروم کردیا جاتا ہے۔ کراچی سے سندھ کا 95 فیصد ٹیکس جمع کیا جاتا ہے لیکن شہر کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا۔ متحدہ رہنماء نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، حکومت سندھ فوری اقدامات کرے۔ صرف ستمبر کے مہینے میں 4 ہزار موٹر سائیکل چھین لی گئی ہیں۔ نوید جمیل کا کہنا تھا کہ شدید بارش کے باعث شہر کو آفت زدہ قرار دیا گیا تھا لیکن سندھ حکومت نے یہاں کا کوئی ٹیکس معاف نہیں کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی پیکج کے تحت جلد از جلد کام شروع کئے جائیں۔