Sunday, September 8, 2024

ایم کیو ایم نے کارکنوں کی گرفتاری پر بھارت سمیت 55ممالک کے سفیروں کو خطوط لکھے

ایم کیو ایم نے کارکنوں کی گرفتاری پر بھارت سمیت 55ممالک کے سفیروں کو خطوط لکھے
August 6, 2015
کراچی(92نیوز)متحدہ قومی موومنٹ نے  کارکنوں کی گرفتاری  پر بھارت سمیت پچپن ممالک کے سفیروں کو مدد کےلئے خطوط لکھ دیئے۔ تفصیلات کےمطابق متحدہ قومی موومنٹ نے 29 جولائی کو حیدرآباد جانے والے 4 کارکنوں کی گمشدگی پر بھارتی ہائی کمیشن سمیت 55 ممالک کے سفارت خانوں کو خطوط لکھے ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے عارف خان، شبیر قائم خانی اور اقبال خانزادہ کی جانب سے  55 ممالک کے سفارت خانوں کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 29 جولائی کو ایم کیو ایم کے 12 کارکنوں کو شادی میں شرکت کے لیے کراچی سے حیدرآباد جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا، 8 افراد کو چھوڑ دیا گیا لیکن ولید کمال، شایان رحمان، سعد ہاشمی اور اسد رضا نامی 4 کارکن تاحال زیرحراست ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر کارکنوں کو حراست میں رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،اس لئے سفیروں سے اپیل ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں اور اس سلسلے میں آواز بلند کریں۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے نجی چینل سے گفتگو کے  دوران کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے مدد کے لیے کسی بھی سفارت خانے کو کوئی خط نہیں بھیجا۔ بھارت دشمن ملک ہے ہم بھی اس کے حق میں نہیں ہیں، حکومت کی جانب سے بھارتی حکومت کو آم بھیجے جا رہے ہیں اور اس سے تجارت کی جا رہی ہے، ایم کیوایم کے ارکان لوگوں کے ساتھ زیادتی پر دیگر ممالک کو خط لکھتے ہیں یہ خفیہ خط نہیں بلکہ معمول کی بات ہے۔ اس قسم کا خط امریکا اور کینیڈا اور سعودی عرب کو بھی بھیجا گیا ہے۔