Friday, May 3, 2024

ایم کیو ایم نے پانامالیکس پر متحدہ اپوزیشن سے علیحدگی کا اعلان کر دیا

ایم کیو ایم نے پانامالیکس پر متحدہ اپوزیشن سے علیحدگی کا اعلان کر دیا
May 17, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم کی وکٹ گرانے کی خواہش مند اپوزیشن کی اپنی ہی وکٹ اڑ گئی۔ ایم کیو ایم نے متحدہ اپوزیشن سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس نے کئی روز سے ملکی سیاست کا منظرنامہ ہی تبدیل کر رکھا ہے۔ ایم کیو ایم کبھی حکومت اور کبھی اپوزیشن کے ساتھ دکھائی دی لیکن پاناما پیپرز پر گزشتہ روز وزیر اعظم کے قومی اسمبلی سے خطاب کے بعد اپوزیشن کے ردعمل اور واک آﺅٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کو مایوس کر دیا اور متحدہ نے اپنی ناراضگی کا اظہار متحدہ اپوزیشن چھوڑ کر کر دیا۔ ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین نے نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں اپنا کردار درست انداز سے نہیں نبھایا۔ وزیر اعظم کے قومی اسمبلی سے خطاب اور اس پر پی پی اور پی ٹی آئی کے ردعمل نے اپوزیشن اتحاد میں دراڑیں ڈال دی ہیں۔ متحدہ کے اپوزیشن اتحاد چھوڑ جانے کے بعد پاناما معاملے پر اپوزیشن کو شدید جھٹکا لگا ہے۔ اب دیکھنا یہ کہ اپوزیشن اس صورتحال سے کیسے نمٹتی ہے۔