Thursday, May 9, 2024

ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کیخلاف ریلی لاک ڈاؤن کے خاتمے تک ملتوی کردی

ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کیخلاف ریلی لاک ڈاؤن کے خاتمے تک ملتوی کردی
May 24, 2021

کراچی (92 نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف ستائس مئی کو ایم کیو ایم کے تحت ہونے والی ریلی لاک ڈاؤن کے خاتمے تک ملتوی کردی گئی ہے۔

متحدہ رہنماء عامرخان نے بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریلی ملتوی کی ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد سندھ حکومت کی متعصبانہ پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سندھو دیش کی حامی ہے، 13 برسوں میں ٹرانسپورٹ کا نظام برباد ہوچکا ہے۔ سندھ کے شہری علاقوں خصوصا کراچی میں پانی کی شدید قلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر کراچی کے لوگوں کا صحیح گنا نہیں جاتا جس پر ایم کیو ایم نے ہی شدید احتجاج کیا۔ متحدہ رہنماء کا کہنا تھا جعلی ڈومیسائل پر ملازمتیں دے کر کراچی کےنوجوانوں کا حق چھینا گیا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں ایک اور وزارت کی بات ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی میں زیر بحث تک نہیں ہے اور نہ انہیں اس میں دلچسپی ہے اور نہ ہی اس وزارت میں جو انکے پاس ہے۔