Friday, April 26, 2024

ایم کیو ایم نے ”را“ سے پیسے لینے کے الزام پر بی بی سی کےخلاف عدالت نہ جانے کا اعلان کر دیا

ایم کیو ایم نے ”را“ سے پیسے لینے کے الزام پر بی بی سی کےخلاف عدالت نہ جانے کا اعلان کر دیا
July 14, 2015
لاہور (92نیوز) متحدہ قومی موومنٹ نے بی بی سی رپورٹ کے خلاف عدالت نہ جانے کا فیصلہ کر لیا۔ 92نیوز کے پروگرام ”ہم دیکھیں گے“ میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینئر ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ برطانوی نشریاتی ادارے نے براہ راست الزام نہیں لگایا اس لئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی نہیں کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سے فنڈنگ پر برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ نے سیاست کے میدان میں تہلکہ مچا دیا تھا لیکن اب اچانک متحدہ قومی موومنٹ نے بی بی سی کے خلاف عدالت میں نہ جانے کا اعلان کر دیا۔ 92نیوز کے پروگرام ”ہم دیکھیں گے“ میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ندیم نصرت کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے متحدہ پر براہ راست الزام نہیں لگایا اس لئے ان کے خلاف عدالت نہیں جائیں گے۔ اس سے پہلے ملک کے متعدد سیاستدانوں نے بی بی سی کی ایم کیو ایم کے متعلق رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر متحدہ کواس رپورٹ پر اعتراض ہے تو قانونی کارروائی کر سکتی ہے۔ 92نیوز کے پروگرام 92ایٹ ایٹ میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم بی بی سی رپورٹ کے خلاف عدالت نہیں جاتی تو دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔ ایم کیو ایم کے بی بی سی رپورٹ پر عدالت نہ جانے پر بہت سے سوالات پیدا بھی ہو رہے ہیں اور بہت سے سوالات جواب طلب بھی رہ جائیں گے۔