Thursday, April 25, 2024

ایم کیو ایم فیصلہ کرلے سیاسی جماعت بن کر رہنا ہے یا خوف کی علامت:عمران خان

ایم کیو ایم فیصلہ کرلے سیاسی جماعت بن کر رہنا ہے یا خوف کی علامت:عمران خان
April 2, 2015
اسلام آباد(92نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم فیصلہ کر لے وہ سیاسی جماعت بن کر رہنا چاہتی ہے یا خوف دہشت کے ذریعے سیاست کرنا چاہتی ہے۔ الطاف حسین لاہور یا میانوالی سے الیکشن لڑیں، ایم کیو ایم کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ اسلام آباد  میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ایم کیو ایم این اے دو سو چھیالیس میں پرامن الیکشن ہونے دےکراچی کے لوگوں کو فیصلہ کا موقع دیا جائے۔ ایم کیو ایم فیصلہ کرے وہ عسکری جماعت ہے یاسیاسی، الطاف حسین لاہوریا میانوالی سےالیکشن لڑیں تعاون کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام تحریک انصاف کی نہیں پاکستانی قوم کی جیت ہےجوڈیشل کمیشن کے سامنے ثابت کردیں گے کہ نون لیگ نے دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں ستر لاکھ جعلی ووٹ ڈالے۔ نون لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتیں تحریک انصاف سے خوف زدہ ہیں، انہوں نے میثاق جمہوریت کے نام پر میثاق مک مکا کر رکھا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے یمن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دو مسلمان ملکوں کی جنگ میں فریق بننے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اطلاعات ہیں کہ پاک فوج کا دستہ سعودی عرب بھجوایا جارہا ہے، 10 سال پہلے بھی اسی طرح جھوٹ بول کر ہمیں امریکا کی جنگ میں دھکیلا گیا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ دوسروں کی جنگ میں ہم نے پچاس  ہزار لوگ اور اربوں ڈالر گنوائے، اب تک ہم اس جنگ سے نہیں نکلے اور ہمیں دوسری جنگ میں جھونکا جارہا ہے۔