Saturday, May 18, 2024

ایم کیو ایم رینجرز ہیڈ کوارٹر میں نہیں بنائی گئی ، ڈی جی رینجرز

ایم کیو ایم رینجرز ہیڈ کوارٹر میں نہیں بنائی گئی ، ڈی جی رینجرز
November 14, 2017

کراچی (92 نیوز) ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے ایم کیو ایم بنانے کے حوالے سے واضح کہا کہ اگر رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ایم کیو ایم بنائی جاتی تو ان پر مقدمات کیوں ہوتے۔ ایم کیو ایم پاکستان پر مقدمات چل رہے ہیں۔ مقدمات پر ہم ایک قدم پیچھے نہیں ہوئے۔
ڈی جی رینجرز نے کراچی میں جاری آپریشن اور سیاسی جماعتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا اور کہا کہ کہیں الیکشن قریب آنے پر ماضی جیسے حالات پیدا نہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کسی بھی صورت ماضی کے حالات پیدا نہیں ہونے دے گی۔
ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ایس پی سیاسی جماعتیں ہیں سیاست کریں تصادم نہیں ہونا چاہیے۔ پی ایس پی اور ایم کیو ایم ایک دوسرے سے گزشتہ آٹھ ماہ سے رابطے میں ہیں۔ دونوں جماعتوں کے درمیان معاہدہ ٹوٹنے کے حوالے سے کسی شخصیت کا نام نہیں لیں گے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں شرط تھی کہ پر امن رہیں گے۔
ڈی جی رینجرز نے کراچی سے لاپتہ ہونے والے اور حراست میں لیئے جانے والے افراد کے حوالے سے بھی کئی رازوں سے پردہ اٹھایا اور کہا کہ جسے حراست میں لیں اُس کے اہل خانہ سے رابطہ میں ہوتے ہیں۔ لیاری وار گینگ شہر میں خونریزی کرتا تھا۔ ڈی جی رینجرز نے واضح کہا کہ عزیر بلوچ رینجرز کی تحویل میں نہیں۔