Friday, April 19, 2024

ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی تفتیش ایس ایس پی راؤ انوار کو منتقل

ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی تفتیش ایس ایس پی راؤ انوار کو منتقل
March 18, 2017
کراچی(92نیوز)پولیس حکام نے ایم کیو ایم رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے 3 مقدمات کی تفتیش ایس ایس پی ملیر راو انوار کو منتقل کردی ، مقدمات ضلع ملیر کے 3 تھانوں میں درج ہیں، عدالت نے فاروق ستار سمیت دیگر ملزموں کو پیر تک گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کےمطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ایم کیو ایم رہنماوں کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی مقدمات میں نیا موڑ آگیا، پولیس نے میڈٰیا ہاوسز پر حملے، دہشت گردی اور بغاوت کے تین مقدمات کی تفتیش ایس ایس پی راو انوار کے حوالے کردی۔ ایس ایس پی سٹی نے مقدمات کی تفتیش ایس ایس پی راو انوار کو منتقل کرنے کی تصدیق کردی،راو انوار فاروق ستار، عامر لیاقت، خالد مقبول صدیقی اور دیگر کو گرفتار کرنے اور تفتیش کے پابند ہیں، اشتعال انگیز تقریر کے تین مقدمات تھانہ سائٹ سپر ہائی وے، قائدآباد اور اسٹیل ٹاون میں درج کئے گئے تھے۔ ادھر تھانہ آرٹلری میدان میں درج دو مقدمات میں مفرور فاروق ستار اور دیگر ایم کیو ایم رہنماوں کی عدم گرفتاری پر پولیس نے رپورٹ پیش کردی، تفتیشی افسر نے بتایا کہ فاروق ستار اور دیگر کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاہے مارے جارہے ہیں تاہم ملزم روپوش ہیں، ملزموں کو اشتہاری قرار دیا جائے، عدالت نے پولیس رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فاروق ستار و دیگر کو پیر تک گرفتار کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے قمر منصور کی چار مقدمات میں ضمانت منظور کرلی، عدالت نے شاہد پاشا کی مقدمات میں بریت کی درخواست مسترد کردی جبکہ نو کارکنوں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔