Monday, September 16, 2024

انسداد دہشت گردی عدالت نے وسیم اختر کا 25جولائی تک جسمانی ریمانڈ دیدیا

انسداد دہشت گردی عدالت نے وسیم اختر کا 25جولائی تک جسمانی ریمانڈ دیدیا
July 21, 2016
کراچی (92نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما اور نامزد میئر کراچی وسیم اختر کو پچیس جولائی تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے انہیں تحفظ فراہم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نامزد میئر کراچی وسیم اختر کے ستارے گردش میں آگئے۔ پہلے دہشت گردوں کے علاج معالجے کے کیس میں ضمانت منسوخ ہوئی اور اب جسمانی ریمانڈ دیدیا گیا۔ وسیم اختر کو سچل تھانے میں درج اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے مقدموں میں انسداد دہشت گردی عدالت میں ہتھکڑی لگا کر پیش کیا گیا۔ وسیم اختر نے بتایا کہ وہ عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئے تھے۔ میری ضمانت مسترد کردی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ضمانت مسترد نہیں منسوخ ہوئی ہے۔ وسیم اختر نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات اچانک سامنے لائے گئے‘ ان کی جان کو خطرہ ہے‘ پولیس کے حوالے نہ کیا جائے۔ تاہم عدالت نے انہیں مکمل تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے پچیس جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ جب وسیم اختر کمرہ عدالت سے باہر نکلے تو وہاں موجود ایم کیو ایم کے کارکنوں نے نعرے لگائے جس کا جواب وسیم اختر نے وکٹری کا نشان بنا کر دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت سے فارغ ہونے کے بعد وسیم اختر کو ملیر سٹی تھانے میں درج نازیبا تقریر میں سہولت کاری کے مقدمے میں پیش کردیا گیا۔ اس مقدمے میں ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان‘ خواجہ اظہار اور دیگر بھی نامزد ہیں۔