Sunday, September 8, 2024

ایم کیو ایم ”را“ گٹھ جوڑ : ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کر دیں

ایم کیو ایم ”را“ گٹھ جوڑ : ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کر دیں
March 12, 2016
کراچی (92نیوز) ایف آئی اے نے ایم کیو ایم قائد پر ”را“ سے تعلقات کا الزام لگانے پر مصطفیٰ کمال اور سرفراز مرچنٹ سے رابطہ کر لیا۔ ایف آئی اے سندھ کے ڈائریکٹر شاہد حیات نے مصطفیٰ کمال سے رابطہ کر کے ان سے معلومات حاصل کیں۔ ایف آئی اے حکام کی آئندہ 24 گھنٹوں میں مصطفیٰ کمال سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم قائد پر ”را“ سے تعلقات کے الزامات پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے ایکشن میں آگیا۔ سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال اور سرفراز مرچنٹ سے رابطہ۔ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر انعام غنی نے لندن میں موجود سرفراز مرچنٹ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیدی۔ ذرائع کے مطابق سرفراز مرچنٹ نے ایف آئی ڈائریکٹر کو بتایا کہ قانونی مشیروں سے مشاورت کے بعد 14 مارچ تک جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ دوسری جانب ایف آئی اے سندھ کے ڈائریکٹر شاہد حیات نے سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال سے رابطہ کیا اور انکوائری میں تعاون کی دعوت دی۔ ذرائع نے امکان ظاہر کیا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ایف آئی اے حکام اور مصطفیٰ کمال کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔