Sunday, September 8, 2024

ایم کیو ایم اورجے یو آئی نے پی ٹی آئی کےخلاف ڈی سیٹ تحریک واپس لے لی !!! پارلیمنٹ کی بالادستی کے حق میں قرارداد منظور

ایم کیو ایم اورجے یو آئی نے پی ٹی آئی کےخلاف ڈی سیٹ تحریک واپس لے لی !!! پارلیمنٹ کی بالادستی کے حق میں قرارداد منظور
August 6, 2015
اسلام آباد (92نیوز) جے یو آئی (ف) اور ایم کیو ایم نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے بارے اپنی تحاریک واپس لے لیں۔ قومی اسمبلی میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قراردادکی منظوری کے دوران تحریک انصاف کا کوئی رکن ایوان میں موجود نہ تھا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی اراکین خصوصاً سپیکر قومی اسمبلی کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں اور ایم کیو ایم اور جے یو آئی نے پی ٹی آئی اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران واپس لے لی۔ دوسری جانب آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے قرارداد پیش کی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ قرارداد جے یو آئی ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان انیس ستمبر دو ہزار چودہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اتفاق رائے سے منظور کی جانے والی قرارداد کی تجدید کرتے ہوئے قراردیتا ہے کہ یہ ایوان اللہ کی حاکمیت، عوام کے حق حکمرانی ، آئین کی بلادستی اور جمہوریت کی علامت ہے۔ یہ ایوان پاکستان کے دفاع،سلامتی اتحاد ،یکجہتی اور تحفظ کی علامت ہے، اس ایوان کے تقدس کا دفاع کرنا ہرپاکستانی کا فرض ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ جو جماعتیں اس ایوان میں موجود ہیں وہ اس کے مرتبہ کا بھرپور احترام کریں۔ یہ انتخابات 2013ءکے انتخابات کے بارے انکوائری کمیشن کی جامع رپورٹ اور آئینی ترامیم بارے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اعادہ کرتا ہے کہ آئین کی سربلندی،پارلیمنٹ کی بالا دستی اوروطن پرکوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا جس کے بعد ایم کیو ایم کے سلمان بلوچ اور نعیمہ کشور نے پی ٹی آئی اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی اپنی تحاریک واپس لے لیں۔