Thursday, March 28, 2024

ایم ڈی پاکستان بیت المال نے تھیلیسیمیا کے مریض 3 بچوں کے علاج معالجے کی ذمہ داری اٹھالی

ایم ڈی پاکستان بیت المال نے تھیلیسیمیا کے مریض 3 بچوں کے علاج معالجے کی ذمہ داری اٹھالی
April 7, 2019

 جلال پور بھٹیاں (92 نیوز) 92 نیوز جلال پور بھٹیاں میں تھیلیسیمیا کے مریض 3 بچوں کی آواز بن گیا۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس نے بچوں کے علاج معالجے کی ذمہ داری اٹھالی۔

 ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس کی خصوصی ہدایت پر بیت المال حافظ آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ابوذر ، ڈسٹرکٹ آفیسر رفاقت اشرف تارڑ نے جلال پور بھٹیاں کے محلہ امام کوٹ میں محنت کش شہادت کے گھر کا دورہ کیا۔ بیت المال کی ٹیم نے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا 3 بچوں کے علاج کی ذمہ داری لے لی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ابوذر نے کہا کہ ایم ڈی بیت المال عون عباس نے 92 نیوز پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیا ہے۔ پاکستان بیت المال شہادت علی کے تِینوں بیٹوں کا مفت علاج سرکاری سطح پر کروائے گا۔ ایم ڈی بیت المال نے نیک مقصد کیلئے کوشش کرنے پر 92 نیوز کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

 دوسری جانب تھیلیسیمیا  میں مبتلا بچوں کے اہل خانہ نے بھی مریض بچوں کی خبر چلانے  اور پاکستان بیت المال کے حکام کی توجہ اس طرف دلانے پر  92 نیوز کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔