Monday, September 16, 2024

ایم ڈی سوئی ناردرن گیس نے ادارے کے خسارے کا ذمہ دار اوگرا کو قرار دیدیا

ایم ڈی سوئی ناردرن گیس نے ادارے کے خسارے کا ذمہ دار اوگرا کو قرار دیدیا
April 6, 2016
لاہور (92نیوز) سوئی ناردرن گیس گزشتہ تین سال سے مسلسل خسارے میں۔ ذمہ دار اوگرا قرار۔ ایم ڈی امجد لطیف کے اعتراف کے ساتھ ہی نائنٹی ٹو نیوز کی خبر کی تصدیق بھی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق آپٹما ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی سوئی ناردرن گیس امجد لطیف نے اعتراف کیا کہ ادارہ پچھلے تین سال سے مسلسل خسارے میں تھا جس کا ذمہ دار انہوں نے اوگرا کو قرار دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز نے اکتیس مارچ کو سوئی ناردرن گیس میں مسلسل خسارے کی خبر نشر کی تھی۔ امجد لطیف نے کہا کہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق نے گیس لاسز کا بینچ مارک سات فیصد کر دیا تھا جو غیر منصفانہ تھا۔ اس کے بعد اوگرا نے کوئی کنسلٹنٹ طویل عرصہ تک مقرر نہیں کیا جس کے باعث اکاونٹس کے معاملہ میں دشواری پیش آئی۔ ایم ڈی نے کہا کہ تمام صارفین چاہے وہ صنعتی ہوں یا گھریلو سب کو گیس کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔ نظام میں چار سو ستر ملین مکعب فیٹ آر ایل این جی آچکی ہے جبکہ رواں سال کے آخر تک مزید بارہ سو ملین مکعب فیٹ آرایل این جی نظام میں شامل ہو جائے گی۔ آپٹما پنجاب کے چیئرمین عامر فیاض شیخ نے اس موقع پرصنعتوں کو چوبیس گھنٹے گیس کی فراہمی پر ایم ڈی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر اسی طرح بلا تعطل فراہمی جاری رہی تو ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات دوگنا ہو جائیں گی۔