Friday, April 19, 2024

ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس پھر میدان میں آگیا

ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس پھر میدان میں آگیا
March 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس پھر میدان میں آگیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کر دی۔ ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف ڈاکٹروں کا احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے احتجاج کرتے ہوئے جنرل اسپتال کے سامنے فیروز پورروڈ بند کر دیا۔ فیروز پور روڈ بند ہونے سے قصور سے کلمہ چوک، ماڈل ٹاؤن آنے والی ٹریفک معطل ہو گئی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ مجوزہ ایم ٹی ایکٹ کے تحت پنجاب حکومت کے ٹیچنگ اسپتالوں کو مزید مالی و انتظامی خود مختاری دی جائے گی ۔ مجوزہ قانون کے تحت ہر ٹیچنگ اسپتال کا پرائیویٹ افراد پر مشتمل بورڈ آف گورنرز ہو گا جس میں پانچ سے سات ممبران ہوں گے۔ صوبائی پالیسی بورڈ اسپتالوں کے معاملات چلانے کے لیے پالیسی تشکیل دے گا۔ پرنسپل، ڈین اور ایم ایس کا عہدہ ختم کر کے دو نئی انتظامی پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔ خود مختاراسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کا سول سرونٹ کا درجہ ختم کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز کو سرکاری اسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کی اجازت اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ ہو گا۔ ایم ٹی آئی ایکٹ کو مسترد کرتے ہوئے پی ایم اے، ینگ ڈاکٹرز، نرسنز اور صحت کے شعبے کی مختلف تنظیمیں احتجاج کر رہی ہیں۔