Friday, March 29, 2024

ایم سی سی نے دورہ پاکستان کیلئے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

ایم سی سی نے دورہ پاکستان کیلئے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
January 29, 2020
 لندن (92 نیوز) ایم سی سی نے دورہ پاکستان کیلئے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جس میں کمار سنگاکارا، روی بوپارہ سمیت اسکاٹ لینڈ اور کائونٹیز سے منسلک کئی انگلش پلیئرز شامل ہیں۔ ایشیائی ٹیموں کے بعد دنیا کے معتبر ترین کرکٹ کلب ایم سی سی کی ٹیم اگلے ماہ پاکستان کے دورے کیلئے تیار ہو گئی۔ ایم سی سی نے دورہ  پاکستان  کیلئے اپنے بارہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس کی قیادت سابق لیجنڈ سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کریں گے۔ کمار سنگاکارا اس وقت ایم سی سی کے صدر بھی ہیں۔ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر، پی ایس ایل میں کراچی کنگز اور انگلش کاؤنٹی سیزن میں سسکس  کی نمائندگی کرنے والے روی بوپارہ نمایاں ہیں۔ دیگر دس کھلاڑیوں کا تعلق سکاٹ لینڈ اور مختلف انگلش کاؤنٹیز سے ہے۔ مائیکل برجیز، اولیور ہینن ڈلبی ،ول روڈز اور روز وائٹلی واروک شائر جبکہ فریڈ کلاسن اور عمران قیوم کینٹ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ مائیکل لیزک اور سفیان شریف اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ آرون للی لیسٹر شائر اور رولف وین ڈرمریو سمرسیٹ کے پلیئر ہیں۔ اجمل شہزاد ٹیم کے کوچ ہوں گے۔ ایم سی سی چیف ایگزیکٹو گائے لیونڈر بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔ ایم سی سی یا میری لیبون کرکٹ کلب  ہوم آف کرکٹ لارڈز میں قائم ہے۔ یہاں ہی کرکٹ کے قوانین مرتب کیے جاتے ہیں ۔ ایم سی سی اپنے دورہ کے دوران لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے علاوہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کی فاتح ناردرن کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔