Friday, April 26, 2024

ایم سی بی نجکاری کیس: میاں منشا اور خواجہ جاوید اقبال کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا

ایم سی بی نجکاری کیس: میاں منشا اور خواجہ جاوید اقبال کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا
October 20, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو ایم سی بی کے سربراہ میاں محمد منشا اور ڈائریکٹر خواجہ جاوید اقبال کو طلب کرنے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا نے میاں منشا اور خواجہ جاوید اقبال کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزاروں کی جانب سے بتایا گیا کہ ایم سی بی کی نجکاری کے معاملے پر نیب چھان بین کررہا ہے اور اس مقصد کیلئے میاں منشا اور خواجہ جاوید اقبال کی نیب میں طلبی کی گئی ہے جہاں ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔ میاں منشا اور خواجہ جاوید اقبال کے وکلاءنے استدعا کی کہ نیب کو ایسا کرنے سے روکا جائے۔ ہائیکورٹ نے نیب کو میاں منشا اور خواجہ جاوید اقبال کو طلب کرنے سے روک دیا اور ہدایت کی کہ اگر نیب کو اپنی چھان بین کے لیے کوئی معلومات درکار ہیں تو درخواست گزاروں کے وکلاءکے ذریعے تحریری موقف دے سکتے ہیں۔ عدالت نے وزارت قانون اور نیب کو جواب داخل کرنے کے لیے مہلت دے دی اور درخواست پر مزید سماعت بارہ نومبر تک ملتوی کر دی۔