Friday, May 17, 2024

ایم ایم عالم ہمیشہ دشمن کیلئے ڈراؤنا خواب رہیں گے

ایم ایم عالم ہمیشہ دشمن کیلئے ڈراؤنا خواب رہیں گے
September 7, 2020

لاہور ( 92 نیوز) 1965ءکی جنگ میں 9بھارتی طیارے اورایک ہی جست میں5طیاروں کا شکار کرنے کا منفرد عالمی ریکارڈرکھنے والے عظیم ہوا باز ایئر کموڈورمحمد محمود عالم (ایم ایم عالم )  ہمیشہ پاکستان کا فخر اور دشمن کیلئے ڈرانا خواب رہیں گے۔پاکستان کے عظیم ہیرو،پاک فضائیہ کا قابل فخر اثاثہ ایئر کموڈور ایم ایم عالم کوآج پوری قوم زبردست خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔

محمد محمود عالم کلکتہ  ہندوستان میں 6جولائی 1935ءکوپیدا ہوئے ، 1951ءمیں ڈھاکہ سے گریجویشن کی، 1952ءمیں رائل پاکستان ایئر فورس کا حصہ بنے، 1953ءمیں بحیثیت لڑاکا ہوا باز کمیشن حاصل کیا ، ایم ایم عالم11بہن بھائیوں میں بڑے تھے۔ ایئرکموڈورایم ایم عالم،غیرت و ہمیت کے پیکر،فضائی جنگی مہارت میں یکتا، پاکستان اور سچ ہمیشہ اُن کی زندگی کا محور، اولین ترجیح رہا۔

1965ءکی جنگ میں اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم سرگودھا ایئر بیس پرنمبر 11اسکواڈرن کی کمان کر رہے تھے ، 7ستمبر کو ایف 86 سیبر طیارہ اڑاتے ہوئے محض 30 سیکنڈ میں چار،60 سیکنڈ میں5 اورجنگ میں مجموعی طور پر 9بھارتی طیارے مار گرائے ، یوں محمد محمود عالم ، قیام پاکستان کے بعد ملک اور جنوبی ایشیاءکے پہلے ”فائٹرایس“ بنے۔ یہ کسی بھی ہوا باز کا منفرد عالمی ریکارڈ ہے۔

جنگ 65ءمیں پاک فضائیہ نے کئی گنا بڑی بھارتی فضائیہ کوناکوں چنے چبوائے اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،۔ایم ایم عالم کواُن کی لازوال کارناموں پر ستارہ جرات اور بار سے نوازا گیا ۔ عالم ،عمر کے آخری حصے میں بھی ملکی دفاع کیلئے ہمہ وقت تیاررہے۔

ایم ایم عالم 1982ءمیں بحیثیت ایئر کموڈورپاک فضائیہ سے سبکدوش ہوئے ، زندگی کے آخری ایام کراچی میں گزارے ۔18 مارچ 2013ءکوطویل علالت کے بعد نیوی کے شفاءہسپتال کراچی میں خالق حقیقی سے جا ملے ، لاہور میں اہم شاہراہ اور میانوالی ایئربیس کو آپ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔