Sunday, May 12, 2024

ایم ایم اے ارکان کا انوکھا احتجاج ، ایوان کی بجائے اسپیکر کی گیلری میں بیٹھ گئے

ایم ایم اے ارکان کا انوکھا احتجاج ، ایوان کی بجائے اسپیکر کی گیلری میں بیٹھ گئے
August 10, 2020
 اسلام اباد (92 نیوز) ایم ایم اے ارکان کا انوکھا احتجاج سامنے آیا۔ ایوان کی بجائے اسپیکر کی گیلری میں بیٹھ گئے۔ عامر ڈوگر ایم ایم اے اراکین کو منانے کے لئے اسپیکر لابی میں پہنچ گئے۔ عامر ڈوگر اور ایم ایم اے اراکین کے درمیان احتجاج ختم کرنے سے متعلق بات چیت ہوئی۔ ایم ایم اے اراکین نے احتجاج ختم کرنے کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کی یقین دھانی مانگ لی اور کہا یقین دلایا جائے کہ آئندہ ایم ایم اے اراکین سے امتیازی سلوک نہیں ہو گا۔ ایم ایم اے اراکین مزید بات چیت کے لئے اسپیکر چیمبر میں چلے گئے۔ ادھر ایم کیو ایم کے رکن صلاح الدین کا کہنا تھا ہمیں بولنے نہیں دیا جاتا کیا ، ہم بھی وہی کریں جو ایم ایم اے والوں نے سپیکر چیمبر کے باہر دھرنا دیا ہے۔ کراچی پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، ہم کب سے شور کر رہے تھے کراچی اور حیدر آباد ڈوبے گا وہی ہوا ۔ حیسکو کا نظام تباہ ہوچکا ہے ، وزیر توانائی کو بار بار بتایا مگر سنی نہیں گئی ۔ حیدر آباد کے شہری حکومت کو اچھا نہیں سمجھتے ۔ حیسکو کا دہائیوں پرانا نظام چل رہا ہے ۔ چار روز سے حیسکو بجلی نہیں دے رہا ۔ اتنی گرمی میں عوام حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔ لوگ منتخب نمائندوں کے گھروں کے باہر احتجاج کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس بلایا جائے ۔ اگر حیسکو نے قبلہ درست نہ کیا تو ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ مجھے مجبور نہ کریں کہ حیدرآباد پریس کلب کے باہر عوام کے ساتھ بھوک ہڑتال پر نہ بیٹھ جاوں ۔ وزیر توانائی کی لگتا ہے چلتی ہی نہیں۔ سیکرٹری توانائی ہی مسئلہ حل کریں ۔ بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیں۔