Friday, March 29, 2024

ایم ایل ون سی پیک کا سب سے اہم اور کلیدی منصوبہ ہے ، وزیر اعظم

ایم ایل ون سی پیک کا سب سے اہم اور کلیدی منصوبہ ہے ، وزیر اعظم
August 17, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ایم ایل ون سی پیک کا سب سے اہم اور کلیدی منصوبہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ایم ایل ون منصوبے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ و سینیئر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو ایم ایل ون منصوبے، پراجیکٹ  پر عمل درآمد کے حوالے سے مقرر کردہ ٹائم لائنز، اب تک ہونے والی پیش رفت اور منصوبے کے ثمرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا منصوبے سے ریلوے کا نظام جدید اور مضبوط ہو گا۔ ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ سفر اور مال برداری کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ دوسری طرف وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ترسیلات زر اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشیران ڈاکٹر عبدالحفیط شیخ، شہزاد اکبر، ڈاکٹر عشرت حسین،  گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر، سیکرٹری خزانہ ، چئیرمین ایف بی آر و دیگر افسران شریک تھے۔ اجلاس میں ترسیلات زر اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال اور ان میں مزید اضافے کے لئے مجوزہ تجاویز و اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے جولائی 2020 میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں  واضح اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کے حوالے سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزارتِ خزانہ، ایف بی آر اور گورنر اسٹیٹ بنک کو ترسیلات زر اور ملکی زر مبادلہ میں اضافے کے لئے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت بھی کی۔