Thursday, April 25, 2024

ایلیٹ پولیس اہلکاروں کا رضا کار پر تشدد ، پولیس پیٹی بھائیوں کو بچانے میں مصروف

ایلیٹ پولیس اہلکاروں کا رضا کار پر تشدد ، پولیس پیٹی بھائیوں کو بچانے میں مصروف
September 23, 2018
پاکپتن (92 نیوز) دربار بابا فرید گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ پر رضاکار کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج نہ ہو سکا۔ پولیس پیٹی بھائیوں کو بچانے میں مصروف ہے۔ پنجاب پولیس نے روایتی ہٹ دھرمی نہ چھوڑی۔ پیٹی بھائیوں کو بچانے کے لئے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے غریب شخص کی ایک نہ سنی۔ پاکپتن میں دربار حضرت بابا فرید گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ پر رضاکار کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کے خلاف تاحال کسی قسم کی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ اسپتال میں زیر علاج غریب رضاکار انصاف کی دہائیاں دے رہا ہے۔ واقعے کو تین روز گزرنے کے باوجود پولیس کی جانب سے ایلیٹ فورس کے بے لگام اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور درخواست کے باوجود نہ ہی تشدد کا نشانہ بننے والے رضاکار کی میڈیکل رپورٹ حاصل کی گئی ہے۔ میڈیکل افسر فرحان خان نے کہا کہ پولیس نے میڈیکل رپورٹ حاصل کرنے کے لئے اسپتال سے رابطہ ہی نہیں کیا۔ دربار حضرت بابافریدؒ کے تقدس کی پامالی اور غریب رضاکار پر تشدد کے باوجود ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی کا نہ ہونا پنجاب پولیس کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ پولیس کے رویے میں تبدیلی نہ آئی تو نئی حکومت کا پولیس کلچر تبدیل کرنے کا نعرہ خواب بن کر رہ جائے گا۔