Thursday, May 9, 2024

ایل ڈی اے کا آپریشن، کھوکھر پیلس کا عقبی دروازہ اور دیوار، طاہر جاوید کا گھر مسمار

ایل ڈی اے کا آپریشن، کھوکھر پیلس کا عقبی دروازہ اور دیوار، طاہر جاوید کا گھر مسمار
January 24, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں غیرقانونی تعمیر کھوکھر پیلس کے خلاف آپریشن کیا گیا، سیف الملوک کھوکھر کے بھانجے طاہر جاوید کا گھر مسمار کردیا گیا۔

جوہرٹاؤن میں غیرقانونی تعمیر کھوکھر پیلس کے خلاف آپریشن انتظامیہ کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری موجود رہی، پورے علاقے کو گھیرے میں لیا گیا۔

ایل ڈی اے نے آپریشن کے دوران سیف الملوک کھوکھر کے بھانجے طاہر جاوید کا گھر مسمار اور کھوکھر پیلس کا عقبی دروازہ اور دیوار بھی گرا دی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل، ایف آئی آر کے مطابق لوگوں کی زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کرکے کھوکھر پیلس تعمیر کیا گیا۔ سرکاری افسران کو اپریشن سے روکنے اور کار سرکار مداخلت پر کھوکھر برادران پر مقدمہ درج کروایا گیا۔

مقدمہ تھانہ نواب ٹاؤن میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ڈی اے عمر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں لیگی ایم این اے افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف کھوکھر سمیت سولہ افراد نامزد ہیں۔

مقدمے میں 125 نامعلوم افراد بھی نامزد ہیں۔ مقدمہ میں کار سرکار مداخلت اور سرکاری افسران کو دھمکیاں و دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

اس سے قبل 25 دسمبر 2018ء کو لاہور میں کھوکھر برادران کی جانب سے قبضہ کی گئی سرکاری زمین کو واگزار کرانے کے لیے اے سی سٹی احمد رضا بٹ  کی زیر نگرانی آپریشن کیا گیا تھا۔ کھوکھر پیلس کا داخلی دروازہ بھی گرایا گیا تھا۔

انتظامیہ کی جانب سے ابتدائی طور پر کھوکھر پیلس میں آنے والے کھال اور سرکاری راستہ جات کی مد میں بننے والی 9 کنال 11 مرلہ زمین واگزار کروائی گئی تھی۔