Tuesday, May 21, 2024

ایل این جی گیس لیے دو بحری جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گئے

ایل این جی گیس لیے دو بحری جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گئے
January 19, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ایل این جی گیس لیے دو بحری جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگرانداز ہوگئے۔ اینگرو ٹرمینل سے 430 ملین کیوبک فٹ گیس کی سپلائی جلد بحال ہو جائے گی۔ ایک ماہ میں دوسری مرتبہ گیس بحران پیدا ہوا تو وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کیا۔ وزارت توانائی بھی حرکت میں اگئی۔ ایم ڈی پی ایس او کو انکوائری کا حکم دے دیا۔ ایل این جی کا کارگو مقررہ تاریخ اور وقت پر ٹرمینل پر نہ پہچنے کی وجوہات بھی طلب کر لی۔ 2 روز قبل ایل این جی کارگو پورٹ قاسم میں سمندر میں مطلوبہ گہرانے نہ ملنے پر لنگر انداز نہ ہو سکا جس کے باعث اینگرو ٹرمینل سے گیس سپلائی 430 ملین کیوبک فٹ کم ہو گئی۔ سپلائی کم ہونے کے باعث مختلف شعبوں کو گیس کی فراہمی بھی بند ہو گئی۔ 92 نیوز پر خبر چلی تو وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے ٹوئٹ کر ڈالا۔ بتایا کہ ایل این جی گیس لئے دو بحری جہاز کراچی ساحل پر لنگر انداز ہو گئے۔ وفاقی وزیر نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا تاریخ میں پہلی مرتبہ دو جہاز بیک وقت لنگر انداز کروائے گئے۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی رات کے وقت بھی نیویگیشن کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ نیویگیشن کا عمل دو ہفتوں میں شروع کردیا جائے گا جس سے بندرگاہ پر رش جیسے بڑے چیلنج سے کامیابی سے نمٹ جائیں گے۔