Thursday, April 25, 2024

ایل این جی کیس ، مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کیلئے نیب کا ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ

ایل این جی کیس ، مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کیلئے نیب کا ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ
July 18, 2019
 کراچی (92 نیوز) ایل این جی کیس میں مفتاح اسماعیل اور عمران شیخ کو بھی حراست میں لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سابق مشیر خزانہ اور سابق ایم ڈی پی ایس او کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں نیب نے چھاپے مارے۔ کراچی میں نیب ٹیم مفتاح کے گھر بھی داخل ہوئی لیکن وہ وہاں نہیں ملے۔ لاہور میں نیب اہلکار عمران شیخ کے گھر کے باہر کئی گھنٹے تک موجود رہے۔ مفتاح اسماعیل کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ نیب گردی کی گئی۔ ٹیم بغیر سرچ وارنٹ گھر میں گھسی۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ ادھر دیگر لیگی رہنما بھی مفتاح اسماعیل کے گھر پہنچ گئے۔ محمد زبیر بولے جنہوں نے پاکستان کی خدمت کی، انہی کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ عمران خان مزید رہا تو اور تباہی آئے گی۔ دوسری طرف سابق سیکرٹری پٹرولیم عابد سعید ایل این جی اسکینڈل میں وعدہ معاف گواہ بن گئے۔ ذرائع کے مطابق عابد سعید چیئرمین نیب کے سامنے بیان بھی ریکارڈ کرا چکے۔ 92 نیوز نے ایل این جی معاہدے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تفصیلات بھی حاصل کر لیں۔ معاہدہ پاکستان اور قطر کی حکومتوں کے درمیان نہیں ہے۔ قواعد اور پالیسی کے تحت لازمی این او سی اور قانونی اجازت نہیں لی گئی۔