Thursday, April 25, 2024

ایل این جی کرپشن کیس میں گرفتار شاہد خاقان عباسی کا 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ایل این جی کرپشن کیس میں گرفتار شاہد خاقان عباسی کا 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
July 19, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) ایل این جی کرپشن کیس میں گرفتار شاہد خاقان عباسی کا 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو یکم اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے فیملی کو شاہد خاقان عباسی سے ملنے کی اجازت بھی دے دی۔ گزشتہ روز ایل این جی درآمد کیس میں نیب راولپنڈی نے مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور میں ٹھوکرنیاز بیگ ٹول پلازے کے قریب سے گرفتار کیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کو گرفتاری کے بعد نیب لاہور آفس منتقل کیا گیا جس کے بعد  ان کواسلام آباد روانہ کر دیا گیا تھا۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا مگر انہوں نے پیشی کے لیے مہلت مانگی تھی۔ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگزیب نیب لاہور آفس پہنچے تھے۔ احسن اقبال نے میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے، سب کو گرفتار کرکے بھی حکومت نہیں چلنے والی۔ آج جمہوریت کے لیے سیاہ دن ہے، ہم نے گرفتاری کے وارنٹ دکھانے کو کہا تو واٹس ایپ پر گرفتاری کے وارنٹ دکھائے گئے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب کے نئے پاکستان میں وارنٹ گرفتاری کی کاپی پر سابق وزیراعظم کو گرفتار کیا گیا۔ نیب اعلامیے کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی درآمد کیس میں گرفتار کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں اُس وقت کے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا دو سو بیس ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔ ان کا نام ای سی ایل میں شامل تھا۔