Monday, September 16, 2024

ایل این جی معاہدے سے متعلق وزیراعظم کیخلاف شیخ رشید کی درخواست مسترد

ایل این جی معاہدے سے متعلق وزیراعظم کیخلاف شیخ رشید کی درخواست مسترد
February 12, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) ایل این جی معاہدے سے متعلق وزیراعظم کیخلاف شیخ رشید کی درخواست مسترد کر دی گئی ۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے ایل این جی کا معاملہ آئین کے آرٹیکل 184 کے ضمن میں نہیں آتا ۔عدالت نے درخواست گزار کو نیب سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے ایل این جی معاہدے کے خلاف شیخ رشید کی درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ میرے خیال سے دو حکومتوں کے درمیان معاہدہ ہوا ہے اور اس میں ضروری چیزوں کا خیال رکھا گیا ہوگا کہ  کس آرٹیکل کے تحت وزیراعظم کو نااہل کر دیں، ایسا کیا ہوا کہ آپ وزیراعظم کی نااہلی چاہتے ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کے روبرو موقف اختیارکیا کہ پاکستان میں قدرتی گیس کے وسیع ذخائر ہیں، ایل این جی معاہدہ 15 سال کیلئے کیا  ہے ،  اس کی ہر چیز چھپائی جارہی ہے، معاہدے کے تحت یومیہ 2 لاکھ 72 ہزار ڈالرادا کئے جارہے ہیں۔

چیف جسٹس نے درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ملک میں آزاد ادارے موجود ہیں  ۔  اداروں کو قائم ہی اسی لئے کیا گیا کہ قومی خزانے کو دیکھیں، ریکوڈک اور اسٹیل مل کی طرح ان معاملات میں دوبارہ مداخلت نہیں کریں گے  ۔ پہلے ہی ان مقدمات سے بین الاقوامی طور پر نقصان ہوا، ہم ان مقدمات میں اب مداخلت نہیں کریں گے۔

سپریم کورٹ نے شاہد خاقان عباسی کیخلاف شیخ رشید کی درخواست خارج کر تے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار چاہے تو نیب سے رجوع کر سکتا ہے۔