Wednesday, April 24, 2024

ایل این جی ریفرنس کے ملزمان کی اعتراضات اٹھاتے ہوئے ریفرنس ختم کرنے کی استدعا

ایل این جی ریفرنس کے ملزمان کی اعتراضات اٹھاتے ہوئے ریفرنس ختم کرنے کی استدعا
October 12, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ایک اور بڑے کیس میں ریلیف کی درخواست آگئی۔ ایل این جی ریفرنس کے ملزمان نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے ریفرنس ختم کرنے کی استدعا کر دی۔

ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت جج کو نیب ترمیمی آرڈیننس کی کاپی پیش کی گئی۔ وکیل شاہد خاقان عباسی  کا کہناتھا کہ آرڈیننس کے بعد نیب اور احتساب عدالت کا دائرہ اختیار ختم کر دیا گیا ہے۔ ملزمان نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر ریفرنس خارج کرنے کی استدعا کی تو نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کر دی اور کہا کہ کابینہ فیصلوں کو جو نیب سے استثنی دیا گیا وہ 6 اکتوبر کے بعد ہو گا۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرکے تفصیلی جواب طلب کر لیا ۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے وکلا نے نیب آرڈیننس کے تحت استثنیٰ کی درخواست میں حصہ لینے سے انکار کیا ۔ جج اعظم خان نے حکم دیا کہ نیب آئندہ سماعت پر نیب ترمیمی آرڈیننس بارے مفصل رپورٹ پیش کرے ۔ عدالت آئندہ سماعت پر تمام وکلا کے دلائل سن کر فیصلہ دے گی۔ ریفرنس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم اور چیئرمین نیب کا جو حال  ہو گا سب دیکھیں گے ۔

سابق وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلزپارٹی اپوزیشن میں ضرور لیکن پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ۔ بطور اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی سے مشاورت کی جاتی ہے۔