Sunday, May 12, 2024

ایل این جی ریفرنس ، نیب کا شاہد خاقان کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

ایل این جی ریفرنس ، نیب کا شاہد خاقان کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ
May 7, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ایل این جی ریفرنس میں اہم پیشرفت ہو گئی۔ نیب نے فرد جرم کی کارروائی سے پہلے شاہد خاقان کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایل این جی ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کی۔ دوران سماعت شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے کہا کہ کیا نیب نے ضمنی ریفرنس ہی دائر کیا۔ حتمی ریفرنس کب تک دائر کر دیا جائیگا؟؟ جس پر نیب تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ حتمی ریفرنس دائر کرنے کیلئے ریکارڈ کراچی سے آنا ہے، وہ نہیں لایا جا سکا۔ نیب تفتیشی افسر ملک زبیر نے مفرور ملزم شاہد الاسلام سے متعلق حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ۔ رپورٹ میں سابق ایم ڈی پی ایس او کو اشتہاری قرار دینے کیلئے کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی اور بتایا گیا ملزم جان بوجھ کر روپوش ہے ۔ ابتک اس کے ٹھکانے کا پتہ نہیں چل سکا۔ عدالت نے ریفرنس پر سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما نے نیب کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کورونا وائرس کے پیش نظر وزیراعظم پر ملک کو تقسیم کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی میں اختلافات کو افواہیں قرار دے دیا۔