Friday, April 26, 2024

ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان سمیت دیگر پر فوری فرد جرم عائد کرنے کی نیب استدعا مسترد

ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان سمیت دیگر پر فوری فرد جرم عائد کرنے کی نیب استدعا مسترد
October 20, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز)احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان پرفوری فرد جرم عائد کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کردی۔ دو غیرملکی گواہان کی طلبی کے نوٹس بھیجنے سے متعلق تعمیلی پیش کردی گئی۔نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں نیب نے احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے ایک بار پھر مہلت مانگ لی۔ احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت کی ، نیب نے فلپ ناٹمین اور ثنا صادق کا کیس الگ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی گواہان کو نوٹس پہنچانے میں بہت وقت لگ جائے گا،عدالت غیر ملکی ملزمان کا کیس الگ کر کے شاہد خاقان پر فرد جرم عائد کرے۔ سابق وزیراعظم کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے نیب کی درخواست کی مخالفت کردی ، عدالت نے کہا کہ پہلے غیر ملکی ملزمان کو دوبارہ سمن بھیجنے ہیں یا وارنٹ اس کا فیصلہ کریں گے ،دفتر خارجہ کے ذریعے بھیجے گئے سمن کی تعمیلی رپورٹ آنے کا انتظار کر لیتے ہیں۔ دوسری جانب نیب نے نارروال اسپورٹس سٹی کیس میں پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ، تفتیشی افسر نے بتایا کہ پری ایگزیکٹو بورڈ میں ریفرنس پیش ہوا تھا ، ابھی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ سے منظوری باقی ہے ، عدالت نے کیس کی سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی حکومت پرگرجے ،کہا آج مسئلہ ہمارے کیسز آئی جی کو اٹھانے یا کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا نہیں ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں گل ودھ گئی ہے۔ میں کہتا ہوں گل مک گئی اے۔ احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی نالائقی پر قومی اداروں کا وقار قربان ہو رہا ہے، عمران خان کے وزرا بار بار قومی اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔