Sunday, May 12, 2024

ایل این جی ریفرنس ، شاہد خاقان عباسی سمیت ملزمان پر فرد جرم 16 نومبر کو عائد کی جائیگی

ایل این جی ریفرنس ، شاہد خاقان عباسی سمیت ملزمان پر فرد جرم 16 نومبر کو عائد کی جائیگی
November 12, 2020

اسلام آباد(92 نیوز) ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزموں پر  فرد جرم 16 نومبر کو عائد کی جائے گی ۔کراچی میں موجود ملزمان پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم ہوگی، دو غیر ملکی ملزمان کا کیس الگ کر دیا گیا۔

ایل این جی ریفرنس میں بڑی پیش رفت سامنےا ٓگئی ، احتساب عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، مفتاح اسماعیل ، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق  ، سابق چئیرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل ، سوئی سدرن گیس کے سابق ایم ڈی محمد امین  اور عبداللہ خاقان کو 16 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ۔

کراچی میں موجود ملزمان پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد ہوگی جبکہ دو غیر ملکی ملزمان شنا صادق اور فلپ ناٹمین کا کیس الگ کر دیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ شاہد خاقان کے اکاؤنٹ میں ایک ارب بیس کروڑ روپے منتقل ہوئے ، مشکوک ٹرانزیکشن کے باعث منی لانڈرنگ کی شق شامل کی،معاہدے سے چھ سالوں میں اکیس ارب کا نقصان ہو چکا،اگلے دس سالوں میں مزید سنتالیس ارب کا نقصان ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے نکتہ اٹھایا کہ ایک جرم اگر جاری ہے تو اس پر کیسے فرد جرم عائد ہو سکتی ہے؟ ، فاضل جج نے جواب دیا کہ فرد جرم سے پہلے آپ کو تمام متعلقہ دستاویزات فراہم کی جائیں گی۔

وکیل صفائی کے اعتراض پر نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر کی رپورٹ میں کلرک کی غلطی سے ایک جگہ مفتاح اسماعیل کا نام گواہوں میں لکھا گیا، ریفرنس پر چئیرمین نیب کے دوبارہ دستخط کروانے کی ضرورت نہیں ہے۔

عدالت نے شاہد خاقان عباسی اور عبداللہ خاقان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔