Thursday, April 18, 2024

ایل این جی درآمد کیس ، نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کو لاہور سے گرفتار کر لیا

ایل این جی درآمد کیس ، نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کو لاہور سے گرفتار کر لیا
July 18, 2019
 لاہور (92 نیوز) ایل این جی درآمد کیس میں نیب راولپنڈی نے مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور میں ٹھوکرنیاز بیگ ٹول پلازے کے قریب سے گرفتار کر لیا۔ شاہد خاقان عباسی کو گرفتاری کے بعد نیب لاہور آفس منتقل کرنے کے بعد اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔ نیب کے مطابق نیب کی ٹیم جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے شاہد خاقان عباسی کو احتساب عدالت راولپنڈی میں پیش کرے گی۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا مگر انہوں نے پیشی کے لیے مہلت مانگی تھی۔ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگزیب نیب لاہور آفس پہنچ گئے۔ احسن اقبال نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے، سب کو گرفتار کرکے بھی حکومت نہیں چلنے والی۔ آج جمہوریت کے لیے سیاہ دن ہے، ہم نے گرفتاری کے وارنٹ دکھانے کو کہا تو واٹس ایپ پر گرفتاری کے وارنٹ دکھائے گئے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب کے نئے پاکستان میں وارنٹ گرفتاری کی کاپی پر سابق وزیراعظم کو گرفتار کیا گیا۔ نیب اعلامیے کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوایل این جی درآمد کیس میں گرفتار کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں اُس وقت کے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا دو سو بیس ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔ ان کا نام ای سی ایل میں شامل تھا۔