Sunday, May 12, 2024

ایل این جی اور صنعتوں پر اسٹیٹ بینک اور نیپرا کی رپورٹ نون لیگ کی سچائی کا ثبوت ہے ، شہباز شریف

ایل این جی اور صنعتوں پر اسٹیٹ بینک اور نیپرا کی رپورٹ نون لیگ کی سچائی کا ثبوت ہے ، شہباز شریف
September 5, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے ایل این جی اور صنعتوں پر اسٹیٹ بینک اور نیپرا کی رپورٹ نون لیگ کی سچائی اور حکومت کے جرائم کا ثبوت ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف ایک مرتبہ پھر حکومت پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا صرف تین ماہ میں قومی خزانے کو 83 ارب روپے کا نقصان تحریک انصاف کی حکومت کے جرائم کا ثبوت ہے۔ حکومت نے مارکیٹ سے 30 فیصد مہنگی ایل این جی خرید کر عوام پر ظلم ڈھایا ، آج جو کچھ ہو رہا ہے یہ نیب کو نظر نہیں آ رہا۔ افسوس ہے نیب پانچ سال پرانے معاہدوں کو کھنگال رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا نیپرا کی رپورٹ سے ثابت ہو گیا کہ ہم نے قوم سے جو کچھ کہا وہ حرف بہ حرف سچ تھا۔ سستی بجلی پیداکرنے والے پلانٹس کو چلانے کے بجائے مہنگی بجلی پیدا کرکے قوم کی جیب کاٹی گئی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا اسٹیٹ بینک کی دوسری سہہ ماہی رپورٹ ثبوت ہے کہ ایل این جی کی وجہ سے بجلی کی لاگت میں کمی آئی۔ 2017 سے 2020 کے دوران 234 ارب روپے کی بچت ہماری مخلصانہ عوامی خدمت کا ثبوت ہے۔ 2018 اور 2019 کی اسٹیٹ بینک کی پہلی سہ ماہی رپورٹ نے تصدیق کی کہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی ہمارے اقدامات کی وجہ سے ہوئی۔