Wednesday, April 24, 2024

ایل این جی اسکینڈل کیس ، شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں نو مارچ تک توسیع

ایل این جی اسکینڈل کیس ، شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں نو مارچ تک توسیع
February 21, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ایل این جی اسکینڈل کیس میں شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں نو مارچ تک توسیع کر دی گئی۔ ایل این جی کیس کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سماعت کی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پراڈیالہ جیل سے پیش کیا گیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیئے کہ مفرور ملزم شاہد مظفرالاسلام کے پتے پروارنٹس بھیجے تھے لیکن وہ وہاں نہیں ملے۔ کچھ پتہ نہیں ملزم کہاں ہے۔ وارنٹس کی تعمیل کی حتمی رپورٹ دیئے جانے کے بعد اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے۔ عدالت چاہے تو شاہد مظفرالاسلام کے دائمی وارنٹ جاری کر کے انہیں ٹرائل سے الگ کر دے اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔ شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے اعتراض اٹھایا اور کہا کہ کارروائی مکمل کئے بغیر کیسے کسی کا ٹرائل الگ کیا جا سکتا ہے۔ پہلے شاہد الاسلام سے متعلق فیصلہ کیا جائے پھر ریفرنس کی نقول لیں گے۔ جج اعظم خان نے ریمارکس دیئے کہ ایک ملزم کے لیے ٹرائل کو التوا میں نہیں ڈال سکتے۔ شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان مقدمے کی نقول آج ہی حاصل کریں۔ عدالت نے مفرور ملزم شاہد مظفرالاسلام کا ٹرائل الگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سابق ویراعظم شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 مارچ تک توسیع کر دی۔