Thursday, March 28, 2024

ایل این جی اسکینڈل میں شاہد خاقان عباسی نیب راولپنڈی میں پیش ‏

ایل این جی اسکینڈل میں شاہد خاقان عباسی نیب راولپنڈی میں پیش ‏
April 25, 2019

راولپنڈی ( 92 نیوز ) ایل این جی اسکینڈل میں شاہد خاقان عباسی نیب راولپنڈی میں پیش ہو گئے ۔

قطر سے ایل این جی کی درآمد میں کرپشن کے معاملہ پر سابق وزیراعظم کی نیب میں مختصر پیشی ،تحقیقاتی ٹیم  نے نصف گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ۔

دوران تفتیش تحقیقاتی ٹیم نے جواب سے متعلق سوال کیا تو شاہد خاقان عباسی بولے وہ تحریری جواب بھی ہمراہ لائے ہیں، وزارت پٹرولیم سے کافی ریکارڈ حاصل کرلیا، ریکارڈ درکار نہ ہوتا تو جواب پہلے ہی جمع کرادیتے۔

نیب افسران نے چھوڑا تو باہر صحافیوں نے گھیر لیا، صحافی نے سوال کیا کہ آج جلدی واپسی ہوگئی خوش ہیں تو شاہد خاقان عباسی فورا بولے آپ کو مایوسی تو نہیں ہوئی ، ہم  تو ہمیشہ خوش رہتے ہیں ۔

تمام سوالوں  کے جواب دینے سے متعلق صحافی کے سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سوالوں کے جواب تو ایک ہی ذات دیتی ہے ۔

دوبارہ طلب کئے جانے سے متعلق شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب بلایا جائے گا، آ جائیں گے ۔

نیب میں پیشی سے قبل  شاہد خاقان عباسی سے صحافی نے استفسار کیا کہ آپ 22سوالوں کے جوابات دے چکے، آج کتنے سوالوں کے جواب ہمراہ لائے ہیں تو سابق وزیراعظم نے کہا کہ جتنے سوال پوچھیں گے اتنے جواب دوں گا، بیٹھا لیا تو بیٹھ جاؤں گا۔

شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھا کہ ان کا ایئربلیو سے کوئی تعلق نہیں، سابق وزیراعظم کو نیب راولپنڈی نے جوابات کےلیے آخری مہلت دی تھی، ان کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے تھے۔