Thursday, April 25, 2024

ایل این جی اسکینڈل، شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

ایل این جی اسکینڈل، شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
August 29, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ایل این جی اسکینڈل میں احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ ایل این جی ٹرمینل ریفرنس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شارخ ارجمند کے روبرو پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے تفتیش کے لئے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ ڈیوٹی جج کے استفسار پر نیب کے وکیل نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ کو چوالیس روز مکمل ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر جسمانی ریمانڈ کی مخالفت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں تو پہلے ہی عدالت سے کہہ چکا ہوں، انہیں نوے روز کا ریمانڈ دے دیں، میں نے کوئی جرم ہی نہیں کیا، ان کو ریمانڈ لینے دیں۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا مجھے ابھی تک پتہ نہیں چلا کہ جرم کیا ہے، اںہوں نے کہا گرفتاریوں سے مسلم لیگ کا بیانہ ٹھنڈا نہیں پڑا۔ پیشی کے موقع پر عدالت سے ملاقات کی اجازت ملنے پر لیگی رہنماؤں خواجہ آصف ، خرم دستگیر، احسن اقبال ،ملک ابرار ، انجم عقیل اور سردار مہتاب نے شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔