Thursday, April 25, 2024

ایل او سی کے اطراف کشمیری آج یوم شہدائےکشمیر منا رہے ہیں

ایل او سی کے اطراف کشمیری آج یوم شہدائےکشمیر منا رہے ہیں
November 6, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں  بھارتی کرفیو کو 94 روز ہوگئے ، لائن آف کنٹرول کے  اطراف  کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر منارہے ہیں ، کانگریسی رہنما غلام نبی آزاد کہتے ہیں جب تک بی جے پی برسر اقتدار ہے مقبوضہ کشمیر کی حالت بہتر نہیں ہوسکتی۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو پتھر کے دور میں دھکیل دیا، وادی میں نافذ کرفیو کو 94 روز ہوگئے ، سڑکوں ، گلیوں سمیت چپے چپے پر تعینات قابض فوجی کشمیریوں کا جذبہ آزادی کچلنے میں مسلسل ناکام ہوچکے ہیں۔ ایل او سی کے اطراف آج یوم شہدائے کشمیر منایا جارہا ہے ، 1947 میں بھارت  نے مہاراجہ ہری سنگھ کے ساتھ مل کر درجنوں کشمیریوں کا قتل عام کیا تھا ، پاکستان ہجرت کرنے والوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ ڈالا تھا۔ کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے ایک بار پھر بھارتی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ، کہا کہ  بی جے پی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ہمیں جانے کی اجازت نہیں دیتی جبکہ اپنے جیسے دائیں بازو کے حامی یورپی سیاستدانوں کو کشمیر کا محدود دورہ کراتی ہے، جب تک بی جے پی اقتدار میں ہے وہاں کے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ مسلسل لاک ڈاؤن نے وادی میں ہیلتھ کیئر سروس کو شدید متاثر کیا ہے ، ذیابیطس، دل اور کینسر کے مریضوں کی جان بچانے والی ادویات ختم ہوچکی ہیں ، اسپتالوں کے پاس ادویات خریدنے کیلئے بجٹ تک موجود نہیں۔