Sunday, May 5, 2024

ایل او سی پر کشیدگی ، پی ٹی آئی کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

ایل او سی پر کشیدگی ، پی ٹی آئی کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ
November 25, 2016

اسلام آباد(92نیوز)تحریک انصاف نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور کنٹرول لائن کی کشیدگی  پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس  بلانے کرنے کا مطالبہ کردیا ، عمران خان کہتے ہیں کہ حکومت معاملے کو عالمی سطح پر اٹھاتے  ہوئےاقوام متحدہ سے رابطہ کرے۔

تفصیلات کےمطابق تحریک  انصاف کے رہنماوں کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہوا ، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کا جائزہ لیا گیا، تحریک انصاف کی قیادت نے مظلوم کشمیریوں، بسوں اور ایمبولینسوں کو نشانہ بنانے جانے کی مذمت کی اور بھارتی اشتعال انگیزی پر تشویش کا اظہار کیا ، تحریک انصاف  نے ایل او سی کشیدگی پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اقوام متحدہ سے ہنگامی رابطہ کرے،اور کونسل کا  اجلاس بلانے کا کہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کو لائن آف کنٹرول پر فوری سیز فائر کا پابند بنایا جائے ، عمران خان کا موقف تھا کہ ایل او سی پر بے گناہ کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے، حکومت کو نوازشریف کے دفاع سے فرصت نہیں، تحریک انصاف کے مشاورتی اجلاس میں 24ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کے پارٹی کے فیصلے کی بھی تائید کی گئی، اس موقع پر عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ پانامالیکس کیس میں شریف خاندان پر لگنے والے الزامات کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے ،قطری شہزادے کے خط اور متضاد بیانات کو ایشو بنایا جائے کہ نوازشریف کے پارلیمنٹ سے خطاب میں قطری خط کا ذکر نہیں ۔