Friday, May 10, 2024

ایل او سی پر فائر بندی انتظامات کی خلاف ورزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار دفتر خارجہ طلب

ایل او سی پر فائر بندی انتظامات کی خلاف ورزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار دفتر خارجہ طلب
August 20, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) قابض بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی  ) پر فائر بندی انتظام کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی ہوئی ۔ پاکستان نے بھارت سے اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج کیا اور بھارتی سینئر سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے 19 اگست کو ایل او سی کے سبزکوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ قابض بھارتی فورسز کی فائرنگ سے خوئی گاؤں کی 70 سالہ خاتون شدید زخمی ہوئی۔ رواں برس بھارت نے ابتک فائر بندی انتظام کی 2027 خلاف ورزیاں کیں۔ بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 16 معصوم شہری شہید، 166 زخمی ہوئے۔ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول، ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ بھارت کی پے در پے اشتعال انگزیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے۔ اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔