Friday, May 10, 2024

ایل او سی پر بھارتی میزائلز کی تنصیب کی اطلاعات  ہیں  ، وزیر خارجہ

ایل او سی پر بھارتی میزائلز کی تنصیب کی اطلاعات  ہیں  ، وزیر خارجہ
December 23, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی میزائلز کی تنصیب کی اطلاعات ہیں ،  بھارت میں احتجاج پر دنیا کی خاموشی خطے کو خطرات سے دو چار کر سکتی ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  بھارت کی مسلم مخالف قانون سازی اورامن و امان کی صورتحال پر بیان میں کہا کہ آج کوئی قابل ذکر نام بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست کے اقدامات کا ساتھ نہیں دے رہا ، متنازعہ ترمیمی شہریت ایکٹ 2019 کے خلاف پوری دنیا میں بھارتی احتجاج کررہے ہیں  ، بھارت سرکار نے سیکولر انڈیا کے نظریے کو دفن کر دیا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ احتجاج سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت لائن آف کنٹرول پر کوئی شرارت کرسکتا ہے، بھارت کے وزیردفاع اور وزیرخارجہ بلاوجہ پاکستان کا تذکرہ کرتے ہیں ، ہمیں امن و امان کو خراب کرنے کا ایک سوچا سمجھا بھارتی منصوبہ دکھائی دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  لائن آف کنٹرول پربراہموس میزائل اور اسپائیک اینٹی ٹینک میزائلوں کی تنصیب کی اطلاعات ہیں ، جب دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہوں تو بات خطے تک محدود نہیں رہے گی ، بلکہ بہت دور چلی جائے گی اور اس کے اثرات عالمی سطح پر ہوں گے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ ہندوستان میں جاری احتجاج کوچھپانا خواہش کے باوجود ممکن نہیں، دنیا اپنے مفادات کے تحت، خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ، انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ خاموشی خطرناک ہے ۔ انہوں نے کشمیر پر حمایت پر ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر، ترک صدررجب طیب اردگان اورایرانی قیادت سمیت اوآئی سی کا شکریہ ادا کیا۔