Friday, April 26, 2024

ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، خاتون شہید، بچی زخمی

ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، خاتون شہید، بچی زخمی
April 27, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے جندروٹ، کھوئی رٹہ سیکٹرز میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ ایک خاتون شہید جبکہ بچی زخمی ہوگئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی پر فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جندروٹ، کھوئی رٹہ سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں گاؤں رید کی 36 سالہ خاتون یاسمین شہید جبکہ گاؤں موہڑہ چھتر میں بچی عطیبہ ظاہر شدید زخمی ہوگئی،جسے فوری طور پر علاج کیلئے طبی مرکز منتقل کر دیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فائر بندی کی خلاف ورزیوں میں بھارت نے بھاری توپخانہ استعمال کیا، بھارتی فوج اپنی گن پوزیشنز کو پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بچانے کے لیے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انسانی ڈھال بنا رہی ہے۔ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ہندوستانی فوجی قیادت نے میڈیا کے استعمال سے جھوٹے، مضحکہ خیز پروپیگنڈے کی بھی ناکام کوشش کی، بھارتی فوج اور سیاسی قیادت کی سیفرانائزیشن افسوسناک ہے، موجودہ حالات میں دنیا کیلئے نقصاندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وَباء ہے جس سے تمام دُنیا متاثر ہوئی ہے، کوئی بھی وَباء رنگ، نسل، قومیت یا مذہب سے مُبرا ہوتی ہے، وَباء کو اسلام، مسلمانوں سے جوڑنے کی مضموم اور گھناؤنی بھارتی کوشش بُری طرح ناکام ہوئی، بھارتی فوجی قیادت کے پاکستان بارے حالیہ بیان اندرونی ناکامیوں پر بڑھتی بوکھلاہٹ اور مایوسی ظاہر کرتے ہیں۔ دُنیا کورونا وباء کے خلاف متحد ہو رہی ہے، بدقسمتی سے ہندوستان ہندوتھوا، سیفران دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے، ظلم، بربریت، نسلی امتیاز اور نفرت کی مقبوضہ کشمیر میں لگائی بھارتی آگ پورے ہندوستان میں پھیل چکی۔