Sunday, May 12, 2024

ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی ، دو جوان شہید ، منہ توڑ جواب میں تین بھارتی فوجی ہلاک

ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی ، دو جوان شہید ، منہ توڑ جواب میں تین بھارتی فوجی ہلاک
December 26, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز) ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی میں دو پاکستانی جوان مادر وطن پر قربان ہو گئے جب کہ منہ توڑ جوابی کارروائی میں تین بھارتی فوجی ہلاک  ہو گئے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق  بھارتی فورسز گزشتہ 36 گھنٹے کے دوران لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی شدید خلاف ورزی کر چکی ہے ،پاک فوج نے  منہ توڑ جواب میں کئی بھارتی فوجی چوکیاں تباہ کر دیں جب کہ  تابڑ توڑ  جوابی وار سے صوبیدار سمیت تین بھارتی فوجی ہلاک  اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرکے نہتے باسیوں پرجاری مظالم ،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں ، لاک ڈاون ، کرفیو اور جنگی جرائم ، داخلی سطح پر متنازعہ مسلم مخالف شہریت ترمیمی بل پر جاری داخلی انتشاراور پولیس گردی کی پردہ پوشی اور دنیا کو گمراہ کرنے کیلئے پاکستان کیساتھ محاذ آرائی اورلائن آف کنٹرول پر مسلسل درندگی کا ارتکاب کررہا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے گزشتہ روز سے فائر بندی کی شدید خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں ، بھارتی فورسز نے حاجی پیر اور دیوا سیکٹر زمیںنہتی شہری آبادی پر فائرنگ کی  ، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والی کئی بھارتی فوجی چوکیاں تباہ،صوبیدار سمیت تین بھارتی فوجی ہلاک کر دیے گئے۔ ترجمان پاک افواج کے مطابق دیوا سیکٹر میں فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار کنڈیرو،سپاہی محمد احسان جام شہادت نوش کرگئے ، نائب صوبیدار کنڈیرو شہید کا تعلق ضلع سکھر کی تحصیل پنو عاقل سے جبکہ سپاہی محمد احسان شہید کا تعلق ضلع جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان سے تھا ۔