Thursday, May 9, 2024

ایل او سی پر اشتعال انگیزی ، پاکستان کا بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے احتجاج

ایل او سی پر اشتعال انگیزی ، پاکستان کا بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے احتجاج
October 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) بھارت خطے کا امن تباہ کرنے پر تُل گیا، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پرپاکستان نے  بھارت سے شدید احتجاج کیا ۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ایل او سی  پر اشتعال انگیز کارروائیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جب کہ احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا۔ بھارتی افواج کی ایل او سی  کے نیزہ پیرسیکٹر پر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ سے  بزرگ اور بچی سمیت 3 افراد شہید اور  8 شہری شدید زخمی ہو گئے تھے ۔ وقعے پر  پاکستان نے  بھارت سے شدید احتجاج  کرتے ہوئے  بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی کی تھی ۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا  کو دفتر خارجہ میں طلب گیا گیا ،  ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی  ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ تھمایا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا  کہ بھارتی افواج کا بے گناہ شہریوں کے جان بوجھ کر نشانہ بنانا نہ صرف انتہائی قابل مذمت ہے بلکہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں ،  بھارت کی یہ خلاف ورزیاں کسی سنگین سٹریٹجک غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت 2003ء کی جنگ بندی کے معاہدے کا احترام یقینی بنائے۔